نیویارک : انرجی ڈرنکس کا استعمال آج کل بہت عام ہے اور نوجوان ہی اس مشروب کو بہت زیادہ پسند کرتے ہیں مگر اس سے ان میں دل کے امراض کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
یہ دعویٰ اسپین میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا ہے۔
طبی جریدے کینیڈین جرنل آف کارڈیالوجی میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق روزانہ انرجی ڈرنکس کا ایک کین استعمال کرنا دل کے دورے کا خطرہ صحت مند نوجوانوں میں بھی بڑھا دیتا ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ ان مشروبات میں شامل کی گئی کیفین کی زیادہ مقدار نوجوانوں کے اندر دل کے اچانک دورے اور دھڑکن کی رفتار میں بے ترتیبی کا سبب بن سکتی ہے۔
محققین کا کہنا ہے کہ انرجی ڈرنکس میں توقع سے بھی زیادہ کیفین شامل ہوتی ہے اور دن بھر میں ڈھائی سو ملی گرام تک کا کین تو بیشتر صحت مند نوجوانوں کے محفوظ ہے مگر کسی کھیل سے قبل اس کے استعمال سے گریز کیا جانا چاہئے۔
محققین کا کہنا ہے کہ انرجی ڈرنک میں شامل کیفین دل کی دھڑکن کی رفتار میں تبدیلی لاتی ہے جس سے دل کے سنگین امراض کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اس کا بہت زیادہ استعمال مضر اثرات کا باعث بنتا ہے اور دل کے دورے سے موت بھی ہوسکتی ہے۔