Earn in Dollars

PaidVerts

متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس سے پہلی دو اموات رپورٹ

اٹلی میں ہلاکتوں کی تعداد چار ہزار سے بڑھ گئی، برطانیہ میں تمام عوامی مقامات بند جب کہ امریکی نائب صدر کے دفتر کے ایک ملازم کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

کرونا وبا سے اموات اور متاثرین کی تعداد پر قابو پانے کے اطالوی حکومت کے اقدامات ناکام ثابت ہوئے ہیں(اے ایف پی)
  • متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس سے پہلی دو اموات رپورٹ
    اٹلی میں کرونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد چار ہزار سے بڑھ گئی ہے۔
    خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جمعہ اٹلی میں بدترین دن رہا جہاں ایک ہی دن میں 627 سے زیادہ اموات ہوئیں۔
    کرونا وبا سے اموات اور متاثرین کی تعداد پر قابو پانے کے اطالوی حکومت کے اقدامات ناکام ثابت ہوئے ہیں اور اب تک ملک میں مجموعی طور پر 4032 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
    اٹلی کی آبادی چھ کروڑ ہے اورعالمی سطح پر کرونا وائرس سے ہونے والی اموات میں سے 36 فیصد اٹلی میں ہوئی ہیں۔
     یہاں اموات کی شرح8.6 فیصد ہے جو وائرس سے متاثرہ دوسرے ملکوں سے کہیں زیادہ ہے۔
    دوسری جانب جمعے کو متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس سے پہلی دو اموات رپورٹ کی گئی ہیں۔ اب تک ابوظہبی میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 140 بتائی گئی ہے، جن میں سے 31 صحت یاب ہو چکے ہیں۔ 
    وائرس سے ہلاک ہونے والوں میں ایک 78 سالہ شہری ہے جو یورپ سے لوٹا تھا جبکہ مرنے والا دوسرا شخص 58 سالہ ایشیائی شہری تھا، جو دل اور گردوں کے مرض میں بھی مبتلا تھا۔ 
    اے ایف پی کے مطابق جمعے کو فرانس میں کرونا وائرس مزید 78 جانیں نگل گیا، جس  کے بعد ملک میں اب تک مرنے والوں کی تعداد450 ہو گئی ہے۔  فرانس میں 12,612 افراد وائرس سے متاثر ہیں۔
     جمعے کو برطانیہ نے وائرس سے مقابلے کے لیے سخت اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے کیفے، کلب، شراب خانے، ریستوراں، نائٹ کلب، تھیٹراور تفریح کے دوسرے مقامات بند کروا دیے ہیں۔ تاہم ریستورانوں سے کھانا گھر لے جانے کی اجازت ہوگی۔
    ادھر، امریکی نائب صدر آفس کے ترجمان نے جمعے بتایا کہ دفتر کا ایک ملازم کرونا وائرس میں مبتلا ہو گیا ہے۔
     نائب صدر پنس کی پریس سیکرٹری کیٹی ملر نے بتایا کہ متاثرہ ملازم صدر ڈونلڈ ٹرمپ یا نائب صدر کے ساتھ قریبی رابطے میں نہیں تھا، تاہم ان کے رابطوں کا جائزہ لیا جارہا ہے۔
    دوسری جانب امریکی ریاست کیلی فورنیا کے بعد نیویارک اور کچھ دوسری ریاستوں کو بھی لاک ڈاؤن کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح کرونا وائرس کی وبا کے پیش نظر بھارتی ریاست تامل ناڈو کی ہمسایہ ریاستوں کے ساتھ سرحدیں بند کر دی گئی ہیں۔
    عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کے منبے چین کے شہر ووہان میں مزید کوئی مریض سامنے نہیں آیا۔ اس مثبت پیش رفت سے دنیا کے لیے امید کی کرن پیدا ہوگئی ہے۔
  • کرونا وائرس کے باعث تین لاکھ یورپی شہری گھر پہنچنے سے قاصر 
    یوروپی یونین کے اعلیٰ سفارت کار نے جمعے کو انکشاف کیا ہے کہ یوروپی یونین کے تقریباً تین لاکھ باشندے کرونا وائرس کی وبا کے باعث دنیا کے دیگر خطوں میں پھنس کر رہ گئے ہیں۔ 
    روئٹرز کے مطابق یوروپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزف بوریل نے ٹیلی فون پر نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا: 'ہم بیرون ملک پھنسے ہوئے ہزاروں یورپی شہریوں کی وطن واپسی کے لیے مربوط اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ ہم ایک لاکھ یورپی باشندوں کے بارے میں بات کر رہے ہیں جو سفارت خانوں کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں تاہم یہ تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے۔۔۔ شاید تین لاکھ کے قریب۔'
    بوریل کے مطابق لاطینی امریکہ اور جنوب مشرقی ایشیا، دو ایسے خطے ہیں جہاں سے لوگوں کو گھر واپس لانا مشکل ثابت ہورہا ہے۔
    'ہم آہستہ آہستہ لوگوں کو گھر لانے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم اس میں کئی رکاوٹوں کا بھی سامنا ہے۔'
    انہوں نے کہا کہ اگرچہ شمالی افریقہ میں پھنسے ہوئے یورپی شہریوں کی واپسی کے لیے کوششیں تیز ہوچکی ہیں تاہم اکثر ممالک کی جانب سے سرحدیں بند کرنے اور فضائی سروسز کی معطلی کے بعد یورپی باشندوں کے انخلا میں مسائل کا سامنا ہے۔
 
Top