وہ پانچ غذائیں جن کے استعمال سے ذیابیطس پر قابو پایا جا سکتا ہے
کراچی: ماہرین صحت کہتے ہیں کہ شوگر پر کنٹرول کے لیے خوراک سے بہتر کوئی تدبیر نہیں اور اگر آپ اپنی شوگر کو قابو میں رکھنا چاہتے ہیں تو ان 5 غذاؤں کو اپنے معمول میں شامل رکھیں۔
کھجور: آپ یہ جان کر حیران ہوں گے کہ کھجور ذیابیطس کے مریضوں کے لیے نہایت فائدہ مند ہے کیونکہ اس سے متعلق عام تاثر پایا جاتا ہےکہ اس میں موجود مٹھاس کی وجہ سے ذیابیطس کے مریض اس کا استعمال نہیں کرسکتے لیکن اس میں ایسے فائبر اور اینٹی آکسیڈنٹس ہوتے ہیں جو انگور، نارنگی ، بروکولی اور شملہ مرچ کے مقابلے میں بلڈ شوگر کو کنٹرول میں رکھتے ہیں اور اگر اسے اخروٹ کے ساتھ کھایا جائے تو اس کے بہترین نتائج برآمد ہوتے ہیں۔
دودھ: یہ کیلشیئم اور وٹامن ڈی سے بھرپور ایک ذود ہضم غذا ہے جو بلڈ شوگر کے لیے مفید ہے اس کا استعمال خون میں گلوکوز کو قابو میں رکھتا ہے جب کہ کم چکنائی والے دہی کا استعمال بھی بہت مفید ثابت ہوسکتا ہے، ناشتے میں دودھ ملا دلیہ شوگر کے مریضوں کے لیے انتہائی مفید ہے۔
السی کے بیج (فلیکس سیڈ): السی کے بیجوں میں فائبر اور الفا لائنولینک ایسڈ پایا جاتا ہے جسے آپ کا بدن اومیگا تھری میں تبدیل کرتا ہے۔ السی کے بیج خون میں کولیسٹرول اور شکر کو کم کرتے ہیں اس کے علاوہ ان کے استعمال سے دل کے دورے سمیت دیگر امراضِ قلب سے بچا جاسکتا ہے۔ ماہرین صحت کے نزدیک السی کے بیجوں کا ناشتے میں دلیے کے ساتھ استعمال صحت پر بہترین نتائج مرتب کرتا ہے۔
سپے کاس یا (سیج): یہ ایک خاص جڑی بوٹی ہے جو بدن میں انسولین جذب کرنے اور اس کی سرگرمی بڑھانے میں مدد دیتی ہے، اسے انگریزی میں سیج اور اردو میں سپے کاس اور سفوکاس بھی کہا جاتا ہے۔ یہ شوگر کے خطرے کو کم کرتی ہے اور ٹائپ ٹو ذیابیطس کو بھی قابو میں رکھتی ہے۔ اس کے علاوہ جگر کے افعال کو منظم کرکے جسم کے امنیاتی نظام کو بڑھاتی ہے۔ جرمن میں ہونے والی تحقیق کے مطابق خالی پیٹ سپے کاس کھانے سے خون میں گلوکوز کی سطح کم ہوتی ہے اور اسے چائے کے ساتھ بھی پیا جاسکتا ہے۔
لوبیا: فائبر سے بھرپور لوبیا پیٹ بھرا ہونے کا احساس دلاتا ہے اس کا استعمال خون میں چینی کو کم کرنے کے ساتھ کولیسٹرول کو بھی گھٹاتا ہے جب کہ اس کا بہترین استعمال سلاد اور سوپ کے ساتھ کیا جاسکتا ہے۔